ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بنگلورو کے تمام حلقوں کی ووٹر لسٹوں سے6.69لاکھ سے زائد نام ’غائب‘

بنگلورو کے تمام حلقوں کی ووٹر لسٹوں سے6.69لاکھ سے زائد نام ’غائب‘

Sat, 19 Nov 2022 11:13:01  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو، 19؍نومبر(ایس او  نیوز)شہر بنگلورو میں ووٹروں کا ڈاٹا غیر قانونی طریقہ سے حاصل کرنے والے ایک این جی او چیلومے کے خلاف کانگریس کی طرف سے شہر کے پولیس کمشنر پرتاپ ریڈی سے شکایت کے بعد اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر بنگلورو کی ووٹر لسٹوں سے ووٹروں کے ناموں کے اخراج کے پیچھے اسی ادارے کا ہاتھ ہے -شہر بنگلورو کے متعدد اسمبلی حلقوں میں ہزاروں کی تعداد میں ووٹروں کے ناموں کے اخراج سے ان شبہات کو اور زیادہ پختگی مل گئی ہے کہ بی بی ایم پی اور حکومت کے چند اعلیٰ حکام کی ملی بھگت سے شہر بھر کی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی گئی - شہر بنگلورو کے 91لاکھ سے زیادہ ووٹروں میں سے تقریباً7لاکھ ووٹروں کے ناموں کو خارج کر دیا گیا ہے- ایک اندازے کے مطابق شہر بنگلوروکے ہر حلقہ میں اوسطاً 20ہزار ووٹروں کے نام نکالے گئے ہیں - ووٹر لسٹوں کے نئے مسودے کا جائزہ لینے کے بعد یہ سامنے آیا ہے کہ گزشتہ تین مہینوں کے دوران چیلومے نامی ادارے کی طرف سے ووٹروں میں بیداری لانے کے بہانے سے جس طرح ووٹروں کا انفرادی ڈاٹا اپنے ہی ایک سافٹ ویر میں فیڈکیا گیا اس کے سامنے آنے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ڈجیٹل سمیکشا نامی موبائیل ایپ کے ذریعے چیلومے کے کارکنوں نے گھر گھر جاکر جو تفصیلات یکجا کی ہیں انہیں کی بنیاد پر ووٹروں کے نام فہرستوں سے ہٹا ئے گئے ہیں،یہ الزام ہے کہ ووٹر لسٹوں سے جو نام ہٹے ہیں ان میں سے 99فیصد کا تعلق اقلیتی او ر دلت طبقات سے ہے- ان میں سے بھی سب سے زیادہ مسلمان ووٹروں کے ناموں کو فہرست سے ہٹا یا گیا ہے- کثیر مسلم آبادی والے اسمبلی حلقوں میں ایک ایک بوتھ سے جہاں اوسطاً ایک ہزار ووٹ ہو تے ہیں 150تا 200ووٹروں کے نام خارج کئے گئے ہیں - ناموں کو خارج کرتے وقت یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ووٹرس یاتو منتقل ہو چکے ہیں یا مر چکے ہیں جبکہ جن کو منتقل قرا ر دیا گیا ہے وہ اب بھی اسی گھر میں موجود ہیں جس پتہ پر ان کا نام ووٹر لسٹ کے حساب سے درج ہے جبکہ جن کو مردہ قراد یا گیا ہے وہ زندہ ہیں اور نام حذف کر دئیے جانے کی شکایت کر رہے ہیں -

جانچ کیلئے خصوصی آفیسر کا تقرر: اس دوران ووٹر لسٹ سے ایک نجی ادارے کی طرف سے کی گئی چھیڑ چھاڑ کی جانچ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بنگلورو ڈیویژن کے ریجنل کمشنر آدتیہ املن بسواس کو جانچ آفیسر مقرر کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ چیلومے کی طرف سے جو مبینہ ہیرا پھیری کی شکایتیں سامنے آئی ہیں اس کی جانچ کر کے رپورٹ الیکشن کمیشن کو روانہ کی جائے- بتایا جاتا ہے کہ اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد مرکزی الیکشن کمیشن نے بنگلور اربن ضلع کے چیف ریٹرننگ آفیسر اور بی بی ایم پی کمشنر کو نوٹس جاری کر کے اس معاملہ میں رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے -

چیلومے کے خلاف ایف آئی آر: اس دوران ووٹروں کے ڈاٹا کو کھلے عام چرانے کے الزامات میں گھرے این جی او چیلومے کے خلاف پولیس نے بھی جانچ تیز کردی-شہر کے دو پولیس تھانوں میں چیلومے کے خلاف دو الگ الگ ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں -اس معاملہ میں لوکیش ایم نامی ایک شخص کو کلیدی ملزم بنایا گیا ہے- شہر کی سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) کے افسروں کی ایک ٹیم نے جس میں تکنیکی ماہرین بھی شامل ہیں ملیشورم میں واقع چیلومے کے دفتر کا معائنہ کیا-ایک طرف جانچ شروع ہو چکی ہے لیکن سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ چیلومے نے گھر گھر جا کر ووٹروں کا جو انفرادی ڈاٹا حاصل کیا آخر وہ کہاں گیا - کیا وہ بی بی ایم پی کے حوالے کر دیا گیا ہے یا کسی کو بیچ دیا گیا ہے؟


Share: